اتوار 21 دسمبر 2025 - 19:52
حیدرآباد دکن میں علما کا اہم اجلاس، طلاق و خلع کی بڑھتی شرح پر تشویش، لائحۂ عمل کی تیاری پر اتفاق

حوزہ/ حیدرآباد دکن میں کل ہند شیعہ مجلسِ علماء و ذاکرین کے صدر ڈاکٹر سید نثار حسین حیدر آقا صاحب قبلہ کی زیرِ نگرانی شریعت کدہ میں منعقدہ اجلاس میں شہر کے ممتاز علماء کرام نے نکاح، طلاق اور خلع سے متعلق اہم مسائل پر تفصیلی غور و خوض کیا اور طلاق و خلع کی بڑھتی ہوئی شرح پر قابو پانے کے لیے جلد جامع لائحۂ عمل تیار کرنے پر اتفاق کیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، کل ہند شیعہ مجلسِ علماء و ذاکرین، حیدرآباد دکن کے صدر مولانا ڈاکٹر سید نثار حسین حیدر آقا کی زیرِ نگرانی شریعت کدہ میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں شہر حیدرآباد کے ممتاز اور سرکردہ علماء کرام نے شرکت کی۔

اجلاس میں معاشرتی اور شرعی امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا، خصوصاً نکاح، طلاق اور خلع جیسے حساس اور اہم موضوعات زیرِ بحث آئے۔ علماء کرام نے موجودہ دور میں طلاق و خلع کی بڑھتی ہوئی شرح پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور اس کے اسباب و نتائج پر سیر حاصل گفتگو کی۔

اس موقع پر اس بات پر بھی غور و خوض کیا گیا کہ ان مسائل کے مؤثر حل کے لیے ایک جامع اور عملی لائحۂ عمل مرتب کیا جائے، تاکہ خاندانی نظام کو مضبوط بنایا جا سکے اور معاشرے میں بڑھتے ہوئے انتشار کا سدِباب ہو۔ علماء کرام نے مختلف تجاویز اور آراء پیش کیں اور اس امر پر اتفاق کیا کہ ان شاء اللہ بہت جلد ایک منظم منصوبہ ترتیب دیا جائے گا جس کے ذریعے عوام میں شرعی آگاہی پیدا کی جا سکے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha